02 جون ، 2012
کراچی … وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ 25 فیصد کرنیکی منظوری دے دی ہے، کابینہ اجلاس میں سسی پلیجو کو موٴقف پیش کرنے کا پورا موقع دیا گیا۔ نیو سندھ سیکریٹریٹ میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 3 اہم امور پر بات ہوئی جن میں ذوالفقار آباد کا منصوبہ، خواتین ملازمین کے کوٹے اور ایم کیوایم کی بجٹ تجاویز شامل ہیں۔ شازیہ مری نے بتایا کہ جلد صدر آصف علی زرداری اور چین کے صدر کی موجودگی میں ذوالفقار آباد کے منصوبے پر دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان معاہدہ طے پائے گا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں معذور اور اقلیتی کوٹہ میں اضافہ پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں اورتجاویز بجٹ کا حصہ بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں سسی پلیجو کو موٴقف پیش کرنے کا پورا موقع دیا گیا تھا لیکن جب وزیراعلیٰ سندھ کی تقریر کے دوران انہوں نے دوبارہ خطاب کرنا چاہا تو ان کو روکا گیا۔