02 جون ، 2012
راولپنڈی … سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کیس میں فریق استغاثہ، ایف آئی اے نے 2ضمنی چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کردیئے جبکہ عدالت نے مقدمے کی سماعت جلد مکمل کرنے کی درخواست بھی منظور کرلی ہے۔ راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل جاکر بینظیربھٹو قتل کیس میں گرفتار ملزموں کا ٹرائل کیا، ایف آئی اے نے 2 ضمنی چالان پیش کئے۔ اس میں ایک غیر ملکی صحافی مارک سیگل کے قلم بند کئے گئے بیان کو چالان کا حصہ بنانے سے متعلق تھا، دوسرا ضمنی چالان اس مقدمے کے کم عمر ملزم اعتزاز شاہ کے الگ ٹرائل کیلئے تھا۔ عدالت نے دونوں چالان سماعت کیلئے منظور کرلئے جبکہ استغاثہ کی درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمے کی سماعت آئندہ سے ہفتے میں 2دن کرنے کا فیصلہ کیا۔ مزید سماعت 5 جون کو ہوگی جبکہ صہبا پرویز مشرف کی جانب سے جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے اور جائیداد ضبطی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ان کی وکیل کی غیر حاضری کے سبب 5جون تک ملتوی کردی گئی۔