03 جون ، 2012
اسلام آباد…وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی آج دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ رہے ہیں وزیراعظم گیلانی آج دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے۔ چار سال سے زائد دور حکومت میں وزیراعظم کا یہ بلوچستان کا کم از کم چھٹا دورہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اس میں بہتری لانے کی غرض سے کیا جارہا ہے جس کے حوالے سے وہ گورنر ہاوس و وزیراعلی سکریٹریٹ میں صوبائی کابینہ میں شامل اراکین کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقاتیں کریں گے ، وزیراعظم کے اس دورے کو اس لئے بھی زیادہ اہمیت دی جارہی ہے کہ گذشتہ روز انہوں نے صوبے کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں صوبے کی موجودہ صورتحال میں بہتری لانے کے لئے کئی اہم فیصلے کئے گئے تھے، دورے کے دوران وزیراعظم گیلانی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں تربیتی کورس مکمل کرنے والے ملٹری افسران سے خطاب کریں گے، اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی موجود ہوں گے،ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے شیڈول میں مکران کیساحلی علاقے اورماڑہ کا مختصر دورہ بھی شامل ہے۔