پاکستان
04 جون ، 2012

پنجاب میں بجلی مہیا نہ کرنا وفاق کی نااہلی و مجرمانہ غفلت ہے، شہباز شریف

پنجاب میں بجلی مہیا نہ کرنا وفاق کی نااہلی و مجرمانہ غفلت ہے، شہباز شریف

لاہور … پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت تمام اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دفاتر کے باہر کیمپ لگاکر کام کریں اور ائیر کنڈیشنر استعمال نہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجلی مہیا نہ کرنا وفاق کی 100 فیصد نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے، دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کے کیمپ آفس کے باہر آج سائلین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان باربار تلخ کلامی ہوتی رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آج مسلسل چوتھے روز بھی مینار پاکستان پر قائم کیمپ آفس میں کام کیا اور پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق پنجاب سے بجلی کے معاملے پر سوتیلوں جیسا سلوک کر رہا ہے، اگر تیل کمپنیوں کو 4 ارب روپے دے دیئے جائیں تو فوری بجلی آ جائے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجلی مہیا نہ کرنا وفاق کی 100 فیصد نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے، 18 ویں ترمیم نے صوبوں کو کوئی حق نہیں دیا۔ مینار پاکستان کیمپ آفس کے باہر شدیدگرمی میں دور دراز سے داد رسی کیلئے آئے مرد و خواتین سیکیورٹی اہل کاروں سے الجھتے رہے۔ شاہدرہ کی بلقیس بی بی اپنی بیٹیوں کے ہمراہ وزیراعلیٰ سے ملناچاہتی تھیں، لیکن سیکیورٹی پر مامور خواتین نے انہیں دھکے دے کر نکال دیا۔ سادہ کپڑوں میں ملبوس سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی سائلین کو کیمپ آفس میں جانے سے روک دیا۔ خواتین اس رویے پر کافی پریشان دکھائی دیں۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ان کے مشیروں اور ارکانِ اسمبلی نے وہاں کھلی کچہری لگائی۔ انہوں نے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔

مزید خبریں :