16 جون ، 2016
ایشیا کے سب سے بڑے اورچین کے پہلے ڈزنی تھیم پارک کو عوام کیلئے کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس کی باقاعدہ افتتاحی تقریب آج شام شنگھائی میں منعقد کی جائیگی ،تقریب ٹیلی وژن پر براہِ راست بھی نشر کی جائیگی۔
اوپننگ سے قبل بچوں ا ور بڑوں کی بڑی تعدادنے یہاں کا رُخ کیا اوراس انوکھی دنیا کے ارد گردقائم دنیا میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیااور ان شاندار رائیڈز پر بیٹھ کر خوب لطف اندوز ہوئے۔
5.5 ارب ڈالر مالیت کے اس منصوبے کی ایک دہائی تک منصوبہ بندی کی گئی جبکہ یہ گزشتہ پانچ برس سے زیرتعمیر ہے۔ پارک کا 2015 میں افتتاح ہونا ہے مگر اس میں تاخیر کرتے ہوئے آج افتتاح کا اعلان کیا گیاہے۔
شنگھائی ڈزنی سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، اسی سلسلے میں جہاں ڈزنی پریڈ ریہرسل کی گئی جس میں ڈزنی کرداروں نے دیوہیکل فلوٹس کے ساتھ سڑک پرجلوے بکھیرے۔
ماہر انجینئرزاور دیگرآٹھ ہزار افراد کی مدد سے تعمیر کئے جانیوالے اس تھیم پارک میں سیاح اور مقامی افراد بڑی تعداد میں دلچسپی لے رہے ہیں اور اس تھیم پارک کے کھلنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں جس کے ٹکٹ بھی مئی کے اختتام سے فروخت کیلئے پیش کر دئیے گئے تھے ۔
اس تھیم پارک میں ڈزنی ٹاؤن، ڈزنی اسٹورز، دلچسپ اور انوکھی رائیڈز، انٹرٹینمنٹ ایریاز سمیت دیگر لا تعداددلچسپی کی اشیاء بنائی گئی ہیں جس کے کھلنے کا آپ کو بس کچھ گھنٹوں کاانتظار کرنا ہو گا۔