03 جولائی ، 2016
شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کرنے والے امریکی سینیٹر جان مک کین کا کہنا ہے کہ میران شاہ میں امن و امان کی صورت حال دیکھ کر اطمینان ہوا ہے، پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف آپریشن کامیاب رہا ہے، کانگریس کو بتائیں گے کہ معاشی ترقی اور انسداد دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی امداد جاری رکھے۔
سینیٹر جان مکین نے 4 رکنی وفد کی قیادت کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیاں قابل ستائش ہیں، یہ کامیابیاں شمالی وزیرستان میں واضح طور پر دکھائی دے رہی ہیں، فاٹا میں امن و استحکام کا عمل قابل تحسین ہے، خواہش ہے کہ دیگر امریکی کانگریس کے رکن بھی ہمارے ساتھ شمالی وزیرستان جاتے اور ملٹری آپریشن کے کامیاب نتائج اپنی آنکھوں سے دیکھتے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہےکہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امریکی وفد نے پاکستان کے ساتھ بہتر اور دیر پا روابط کی ضرورت پر زور دیا ، امریکی وفد نے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بھارت کے تعلقات کسی بھی صورت پاکستان کے ساتھ تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوتے۔ امریکی وفد نے مختلف ایشوز پر پاک افغان تعاون کو بھی سراہا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے پاک امریکا تعلقات نہایت اہم ہیں، پاک امریکا اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پیشرفت کو اہم ہے۔ مشیر خارجہ نے امریکی وفد کو پاک افغان بارڈر مینجمنٹ، افغان مہاجرین کی واپسی اور افغان امن عمل کے حوالے سے بھی بریف کیا۔