13 جولائی ، 2016
لاہور میں ینگ ڈاکٹرز سینٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے،مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں آؤٹ ڈورز بند کرنے کی دھمکی دی، کوئی حکومتی عہدیدار بات سننے نہ پہنچا تو احتجاج موخر کرکے واپس چل دیئے۔
لاہورمیں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج بنے پنجاب اسمبلی گیٹ کےسامنے پہنچ گئے، ان کا کہناتھاکہ وہ اسمبلی کے اندر اپنا احتجاج کرانا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر ز کا مطالبہ ہے کہ حکومت سینٹرل انڈکشن پالیسی فوری واپس لے ورنہ احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید بھی ینگ ڈاکٹرزسے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے میں پہنچے اور ڈاکٹروں کو ان کے مطالبات منظور کرانے کے لیے بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔