30 جنوری ، 2012
لاہور… وزیراعظم سیکریٹریٹ کے پولیو سیل نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں صرف ماہ رواں جنوری میں اب تک پولیو کے 7 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ سال 2011ء میں پاکستان میں پولیو کے 198 کیسز سامنے آئے تھے۔ یہ انکشاف وزیراعظم سیکریٹریٹ کے پولیو سیل کے نمائندے ڈاکٹر واصف ضمیر نے لاہور میں وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام علماء کرام کی آگاہی کے لئے منعقدہ سیمینار میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر واصف ضمیر نے کہاکہ سال 2012ء میں اب تک خیبر پختون خوا میں چار، بلوچستان میں دو اور سندھ میں پولیو کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2011ء میں دنیا میں پولیو سے متاثرہ چار ممالک میں بھارت، افغانستان، پاکستان اور نائیجیریا شامل ہیں جن میں گذشتہ سال پولیو 336 کیسز سامنے آئے تھے۔ پاکستان میں گذشتہ سال پولیو کے سب سے زیادہ 198کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ڈاکٹر واصف ضمیرکے مطابق سال 2010ء میں پاکستان میں پولیو کے 144 کیسز سامنے آئے تھے۔