کھیل
11 اگست ، 2016

اوول ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

اوول ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ


اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، چوتھے اور آخری ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے دو تبدیلیاں کی ہیں، محمد حفیظ اور راحت علی کی جگہ افتخار احمد اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، افتخار احمد کا یہ ڈیبیو ٹیسٹ ہے جبکہ انگلینڈ نے گذشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے۔


انگلش کپتان الیسٹر کک کا کہنا ہے کہ اوول ٹیسٹ کے آخری روز وکٹ ٹرن لے گی ، اس لئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ کرتے۔


پاکستانی کرکٹ ٹیم لندن کے اوول کرکٹ گرائونڈ میں بہتر ریکارڈ سے تقویت حاصل کرنے کیلئے پرامید ہے۔ اس تاریخی گرائونڈ میں پاکستان نے سات میں سے چار ٹیسٹ میچوں میں میزبان ٹیم کو شکست دی ہوئی ہے، لیکن انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کو دو، دو سے برابر کرنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو ایڑھی چوٹی کا زور لگانا ہوگا۔


اگر انگلینڈ سیریز تین، ایک سے جیت گیا تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بن جائے گاجبکہ پاکستان کو اپنی عالمی نمبر تین پوزیشن برقرار رکھنے کے لئے ٹیسٹ سیریز برابر کرنا ہوگی۔


پاکستان نے20 سال سے انگلش سرزمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے جبکہ ایشیا سے باہر پاکستان نے چھ سال پہلے آخری ٹیسٹ سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف جیتی تھی ۔


پاکستان نے لارڈ ز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 75رنز سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں 330اور ایجبسٹن ٹیسٹ میں 141رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔


 

مزید خبریں :