16 جون ، 2012
کراچی … وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تاجر جھگڑے نمٹانے کیلئے کرائے کے قاتلوں کو استعمال کرتے ہیں، شہر میں ہر قتل کو ٹارگٹ کلنگ کا رنگ دیا جاتا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں قتل وغارت گری ایک سازش ہے، سازشی عناصر کراچی سمیت پاکستان بھر میں امن و امان نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر جھگڑے نمٹانے کیلئے کرائے کے قاتلوں کو استعمال کرتے ہیں، کراچی میں قتل کی تمام وارداتوں کو ٹارگٹ کلنگ کا رنگ دیا جاتا ہے، اس وقت کراچی میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ہلاک کیا جارہا ہے۔ شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو چھڑانے کیلئے کوئی سیاسی جماعت ہم سے رابطہ نہیں کرتی، سیاسی جماعتوں کے رابطہ کرنے پر بھی گرفتار ملزمان کو نہیں چھوڑا جائے گا، رینجرز بھی شہر میں امن و امان قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔