17 جون ، 2012
کراچی … قائم مقام ایڈیشنل آئی جی غلام شبیر شیخ کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر میں لیاقت بنگش پولیس کے خوف سے اونچائی سے چھلانگ لگا مارنے سے ہلاک ہوا، وہ ایک جرائم پیشہ شخص تھا، ملزمان کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم اس وجہ سے دیا کہ اس سے جرائم میں کمی آتی ہے۔ قائم مقام ایڈیشنل آئی جی غلام شبیر شیخ ایس ایس پی ساوٴتھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران 13 افراد کا قتل ہوا، 5افراد کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا، دیگر قتل ذاتی دشمنی اور نامعلوم وجوہات پر کیے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہیں بھی قتل ہو، ایس ایس پی، ڈویژن ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تفتیش کریں گے۔ غلام شبیر شیخ کا کہنا ہے کہ ملزمان کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم اس لئے دیا کہ اس سے جرائم میں کمی آتی ہے، کسی بھی واقعے کے بعد ہنگامے کی کوشش کی گئی یا املاک جلائی گئیں تو شرپسندوں کو موقع پر مار دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلستان جوہر کے علاقے میں جرائم پیشہ شخص لیاقت بنگش پولیس کے خوف سے اونچائی سے چھلانگ مارنے سے ہلاک ہوا۔