17 جون ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے خلاف سازش وزیراعظم گیلانی خود کررہے ہیں، حکومت سپریم کورٹ کے احکامات نہیں مانتی، لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور اور صنعتکار پریشان ہیں۔ پنجاب میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف لاہور میں نیلا گنبد پر مسلم لیگ ن کے تحت جلسہ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 450 ارب سرکولر ڈیٹ کی وجہ سے عوام کو 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مزدور اور صنعتکار پریشان ہیں، صدر اسٹیٹ بینک نے بھی ملکی معیشت کو خراب ترین قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور جاگ رہا ہے لیکن آج ہر بندہ بجلی کی عدم فراہمی سے پریشان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں جمہوریت کیخلاف سازش ہورہی ہے، اصل میں جمہوریت کے خلاف سازش وزیراعظم گیلانی خود کر رہے ہیں، حکومت سپریم کورٹ کے احکامات نہیں مانتی مذاق اڑاتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے جلسے کے دوران لیگی کارکنوں کا آپس میں جھگڑا بھی ہوا۔