24 ستمبر ، 2016
روسی فوج کے طیارے کو پاک فوج کے افسران نے خوش آمدید کہا۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روسی افواج پہلی بار مشترکہ مشقیں کر رہی ہیں۔
اس مشترکہ مشق میں زمینی افواج حصہ لیں گی،یہ مشقیں 2ہفتے تک جاری رہ کر 10اکتوبر کو مکمل ہوں گی۔روس اور پاکستان کی حالیہ فوجی مشقوں کو سلواکیہ زبان کے لفظ ’دروزھبا2016 ‘یعنی دوستی 2016 کا نام دیا گیا ہے۔
ان مشقوں میں دونوں ممالک کے200فوجی 2علاقوں میں جنگی مہارتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ پہلے پاکستان کے شمال مغربی علاقے گلگت بلتستان میں رتو میں ہائی ایلٹی ٹیوڈ اسکول، جبکہ بعد ازاں خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان میں چیراٹ میں مشقیں کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ان مشقوں کا اعلان رواں برس کے شروع میں روس کی آرمی کے کمانڈر ان چیف جنرل اولیگ سالو کوو نے کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان اور روس کی پہلی مشترکہ فوجی مشقیں پہاڑی علاقے میں ہوں گی۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک میں دفاع تعاون بڑھانے کا باقاعدہ سلسلہ 2014 میں اس وقت شروع ہوا تھا، جب روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئے گو نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اسی دورے میں ماسکو اور اسلام آباد نے دفاعی معاہدے پر دستخط بھی کیا تھا۔