07 اکتوبر ، 2016
معروف اسکالر، ممتاز عالم دین سابق رکن قومی اسمبلی، جماعت اہلسنّت کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری طویل علالت کے بعد 72 سال کی عمر میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ آج 7 اکتوبر بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے ایم اے جناح روڈ (بولٹن مارکیٹ) پر ادا کی جائیگی۔
عوام کی سہولت کیلئے گاڑیوں کی پارکنگ داؤمیڈیکل کالج اور جامع کلاتھ روڈ پر رکھی گئی ہے۔ نمازجنازہ انکے صاحبزادے علامہ سید شاہ عبد الحق قادری پڑھائینگے ۔ تدفین (کھارادر، کھوڑی گارڈن) علامہ قاری محمد مصلح الدین صدیقی کے پہلو میں ہوگی۔ سوئم ہفتہ بعد مغرب میمن مسجد کھوڑی گارڈن میں ہوگا۔
سوگواران میں تین صاحبزادے، پانچ صاحبزادیاں اور کثیر تعداد میں مریدین و معتقدین شامل ہیں۔ آپ کی اہلیہ کا ایک سال قبل ہی انتقال ہوا تھا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیر اعلی سید قائم علی شاہ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن،ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر،مفتی عبدالعلیم قادری، قاضی احمدنورانی، جمیل احمد نعیمی ،مفتی محمد اطہر نعیمی ،مفتی محمد رفیق حسنی ،قاری محمد عثمان،مولانا عبدلکریم عابد،،ڈاکٹر معراج الہدی ،نعیم الرحمن،مولانا حسن ظفر نقوی ،مولانا عون نقوی، مولانا شہنشاہ نقوی و دیگر نے علامہ شاہ تراب الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
علاوہ ازیں جماعت اہل سنت پاکستان سپریم کونسل کے رکن حاجی محمد حنیف طیب، مولاناا برار احمد رحمانی،مولاناخلیل الرحمن چشتی، مولاناسیدشاہ عبد الحق قادری،صوفی محمد حسین لاکھانی، قاضی نورالسلام شمس نے عوام اہل سنت اور اہلیان کراچی سے پرزوراپیل کی ہے کہ نظم وضبط کو برقراررکھتے ہوئے نمازجنازہ میں بھرپور شرکت کریں اور ایم اے جناح روڈ اورمیمن مسجد کے اطراف دکانیں نمازجنازہ کے دوران بندرکھی جائیں۔