19 جون ، 2012
اسلام آباد…سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیئے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں اور نئے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے ایوان صدر میں ہونے والا اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس منگل کو رات گئے ختم ہوا اور ذرائع کے مطابق دو امیدواروں مخدوم شہاب اور چوہدری احمد مختار کی نامزدگی پر بعض اہم رہنماؤں کے تحفظات پر اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کی نامزدگی کا اختیار صدر آصف علی زرداری کو دیدیا۔صدر مملکت کی صدارت میں ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں تمام اتحادی رہنماؤں نے شرکت کی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نیا وزیراعظم پنجاب سے لینے پر اتفاق کیا گیا ہے،اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس جمعرات یا جمعہ کو طلب کیا جائے گا۔تاہم اس سلسلے میں حتمی دن کافیصلہ پیپلز پارٹی کریگی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔دریں اثناء ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے جنھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو قانونی طور پر مجھے ہٹانے کا اختیار نہیں تھا، تاہم ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ قبول کیا۔