20 اکتوبر ، 2016
واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کا جوش اور ولولہ یوں تو ہمیشہ دیدنی ہوتا ہے لیکن اسےدیکھنے والوں میں آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کے مہمان بھی ہوںتو رونق دوبالا ہوجاتی ہے۔
خون کو گرما دینے والے نعرے اور پاک بھارت سرحد پر موجود پاکستانی عوام کا جوش وجذبہ جو واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں نمایاں نظر آتا ہے لیکن آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کے لئے یہ منظر انوکھا بھی تھا اور دلچسپ بھی،جسے انجوائے کرنے کا موقع انہوں نے ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
پرچم اتارنے کی روایتی تقریب کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے گہری دلچسپی سے دیکھا بھی اور ایک ایک لمحے سے لطف بھی اٹھاتے رہے، انکے مطابق اس تقریب میں شرکت کا تجربہ نہایت خوشگوار تھا، پاکستان میں انہیں کسی قسم کا کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا۔
آسٹریلن کھلاڑیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر دوبارہ موقع ملا تو وہ پاکستانی سرزمین کے مزید رنگ بھی دیکھنا چاہیں گے،پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے ایک محفوظ ملک ہے اور انکا یہ دورہ کسی یادگار سے کم نہیں۔