21 نومبر ، 2016
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں میچ کے آخری دن بھارت کو میچ جیتنے کیلئے آٹھ وکٹ اور انگلینڈ کو 318 رنز درکار ہیں۔ مہمان ٹیم سست بیٹنگ کے ذریعے شکست سے بچنے اور ڈرا کی کوشش میں مصروف ہے۔
وشاکاپٹنم میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے 98 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے وکٹ پر موجود تھے۔ بھارت کو چوتھے دن ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور راہانے اپنے گزشتہ اسکور میں چار رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئے۔
روی چندرن ایشون بھی جلد پویلین لوٹ کر بھارت کو پانچواں نقصان پہنچا گئے۔ کوہلی نے 109 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ کیدار جادھو نے 27 رنز بنا کر تھوڑی مزاحمت دکھائی لیکن پوری بھارتی ٹیم 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور عادل رشید نے چار چار وکٹیں حاصل کیں ۔ پہلی اننگز میں 200 رنز کی برتری کی بدولت انگلینڈ کو میچ میں فتح کیلئے 405 رنز کا ریکارڈ ہدف ملا۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز ایلسٹر کک اور حسیب حمید نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ دفاع کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کے وکٹ لینے کے تمام حربے ناکام بنا دیے اور 50 اوورز میں 75 رنز جوڑے تاہم اسی اسکور پر ایشون کی خوبصورت گیند پر حسیب کی اننگز کا اختتام ہو گیا۔
انہوں نے 144 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ ایلسٹر کک 54 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 87 رنز بنائے تھے۔