کھیل
24 نومبر ، 2016

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

 

طویل عرصے تک کرکٹ میدانوں پر تن تنہا راج کرنے والی آسٹریلین ٹیم سخت مشکل میں ہے۔ اسے جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کے خطرے کا سامنا ہے۔

دونوں ٹیمیں جمعرات سے ایڈیلیڈ میں مدمقابل ہوں گی۔ آسٹریلیا کو آخری بار ہوم گرائونڈز پر 1887 میں انگلینڈ کے ہاتھوں کلین سوئپ شکست ہوئی تھی ۔ وہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز تھی۔

کینگروز ہوم گرائونڈ پر کبھی تین ٹیسٹ کی سیریز میں تمام میچز نہیں ہارے ہیں۔ کینگروز ابتدائی دونوں میچز ہار کر سیریز پہلے ہی گنواچکے ہیں، تاہم وہ نئے اور تازہ دم چہروں کے ساتھ ساکھ بحالی کا چیلنج لیے میدان میں اتریں گے۔

ہوم سائیڈ نے پرتھ کے پہلے ٹیسٹ میں177رنز اور ہوبارٹ کے دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست کا صدمہ جھیلا تھا ۔ اس کے بعد سلیکٹرز نے مسلسل ناکامیوں کے سامنے بند باندھنے کی کوشش میں ٹیم میں چھ تبدیلی کی ہیں۔

آسٹریلین کرکٹ ٹیم موجودہ سیریز کے دو میچز سے قبل سری لنکا کے خلاف بھی 3-0 سے سیریز ہار چکی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں میٹ رینشا، پیٹر ہینڈزکومب، نک میڈنسن کو قسمت آزمانے کا موقع ملا ہے، جبکہ جیکسن برڈ اور وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کی واپسی ہوئی ہے ۔

کوچ ڈیرن لی مین نے کہا کہ پرتھ اور ہوبارٹ میں مسلسل ہارنے کے بعد ٹیم میں اعتماد جگانے کی ضرورت ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ ڈے نائٹ میچ ہے لہذا پنک بال سے بولنگ کے لئے جنوبی افریقہ كکاگیسو ربادا، ورنن فلینڈر، کائل ایبٹ کے ساتھ میدان پر اترے گی۔

 

مزید خبریں :