12 دسمبر ، 2016
کوئٹہ میں نجی بینک میں رقم، لاکر اور غیرملکی کرنسی کی حفاظت کرنے والے سیکورٹی گارڈ ہی 8 کروڑ روپے سے زائد کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔
چوری کی واردات کوئٹہ کےعلاقے حالی روڈ پر نجی بینک کی مین برانچ میں ہوئی،جہاں چورفارن کرنسی لاکر سمیت بینک سے کروڑوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری اتوار اور پیر کی رات کی گئی، فارن کرنسی لاکر کو کاٹا گیا، فنگر پرنٹس سمیت اہم شواہد سے تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق چوری میں نجی بینک کے سیکورٹی گارڈز کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب بینک ذرائع کے مطابق نجی بینک اتوار کو ہفتہ وار چھٹی اور آج عیدمیلاد کےسلسلےمیں بند تھا،آج صبح چوری کا علم ہونے پر واردات کی اطلاع پولیس کو دی گئی،چوری کی گئی نقد رقم میں زیادہ تربینک سے فارن کرنسی غائب ہے۔
بینک ذرائع کے مطابق رات کے وقت بینک کی سیکورٹی پر مامور 3گارڈز غائب ہیں،جس بنا پر پولیس ذرائع کا کہناتھا کہ چوری میں بینک کے اپنے گارڈز ملوث دکھائی دیتے ہیں،تاہم اس حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ادھرڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور ڈپٹی کمشنرعبدالواحدکاکڑ نے بھی متاثرہ نجی بینک کا دورہ کیا۔