14 جنوری ، 2017
احمد فراز...لاہور کے علاقے یوحنا آبادمیں ٹریکٹرٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی جاں بحق جبکہ دوسری بہن شدیدزخمی ہو گئی،علاقےکےلوگوں نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
یوحناآباد کے گھر میں اس وقت دل دہلا دینے والے مناظردیکھنے میں آئے جب وہاں لاشیں پہنچیں اور کہرام مچ گیا۔
میٹرک کا طالب علم عدنان اپنی بہنوں 12سالہ عائشہ اور10سالہ عروسہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر اسکول جا رہا تھاکہ دُلوکلاں روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی، عدنان اور عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ عروسہ شدیدزخمی ہوگئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔
علاقےکےلوگوں نے لاشیں روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا، ان کامطالبہ تھا کہ ٹریکٹر ڈرائیور کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
پولیس کی طرف سےانصاف کی یقین دہانی پرمظاہرین منتشر ہوگئے، غم سےنڈھال بچوں کی والدہ اور دیگر عزیز و اقارب کی حالت دیکھی نہیں جاتی تھی۔
حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔