27 جنوری ، 2017
ریاض شاکر...لاہور کی سیشن کورٹ میں وکلا نے ہنگامہ آرائی کی، ہاتھا پائی اور مکوں گھونسوں والی لڑائی کی ایک اور فوٹیج سامنے آگئی۔
جج کے سامنے دلائل دیتے ہوئے وکلاء تلخ کلامی کے بعد غضب ناک ہو گئے،پھر جوکسی کے ہاتھ لگا دوسرے کو دے مارا۔
لاہور کی سیشن کورٹ کو اکھاڑے یا بازار میں تبدیل کردیا وہ بھی وکلاء نے، وکیلوں کی لڑائی لاہور کے ایک ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ہوئی،جہاں قتل کے ایک مقدمے کی پیروی کے لیے فریقین کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب دلائل دیتے ہوئے ایک وکیل نے ساتھی وکیل پر کوئی الزام تراشی کی،کچھ وکلاء تو جج پر بھی برس پڑے اور کہا کہ یہ جو کچھ لوگ آپ نے لگا رکھے ہیں یہ ہیں ہی فراڈیے۔
نوک جھونک کے دوران وکیل طیش میں آ گئے،ایک نے دوسرے کے منہ پر تھپڑ دے مارا، دیکھتے ہی دیکھتے ہنگامہ اٹھ کھڑا ہوا،قانونی دلائل دینے والے درجن بھرفاضل وکلاء سب کچھ بھول گئے۔
اپنے اپنے دوست کی مدد کو لپکے اور ایک دوسرے پر پل پڑے، دھکم پیل ہی نہیں،نازیبا الفاظ کے ساتھ ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی، ایک دوسرے پر تھپڑوں، مکوں اور لاتوں کی بارش کی گئی۔
کمرۂ عدالت میدان جنگ بن گیا،ایک وکیل روسٹرم پر چڑھ گیا اور جج کے سامنے رکھی بھاری بھرکم فائل اٹھا کر دے ماری۔