28 جنوری ، 2017
کراچی میں شارع فیصل پر ہوٹل ریجنٹ پلازہ سے میٹروپول تک شدید ٹریفک جام ہوگیا،کرا چی واٹربورڈ کے عملے نے مصروف ترین سڑک دن دیہاڑے کھود دی ہے، جس کےباعث میٹرو پول چورنگی پرٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔
شارع فیصل سےمیڑوپول آنےوالی سڑک اورشارع فیصل پرایف ٹی سی پُل سے عائشہ باوانی کالج اور میٹروپول تک ٹریفک جام ہے ۔
کراچی ایئرپورٹ سے آنےوالوں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے، لوگ گھنٹوں سے ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق واٹربورڈ نے میٹروپول پرکھدائی کے لیے کوئی پیشگی اطلاع دی نہ اجلاس ہوا، البتہ کھدائی شروع ہونے کے بعد واٹربورڈ کے ایم ڈی سے بات ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر واٹربورڈ کا لائن ڈالنے کا کام طویل ہوگیا ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے کام جلد ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ٹریفک کو متبادل راستے پرمنتقل کرنے اوررہنمائی کی کوشش کررہے ہیں۔
ترجمان واٹربورڈ کا کہنا ہےکہ کراچی میں میٹروپول کےقریب بیٹھ جانےوالی پائپ لائن تبدیل کی جارہی ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کا واٹر بورڈ پرملبہ ڈالنا ٹھیک نہیں ،ڈی آئی جی ٹریفک کو ایک دن پہلے آگاہ کیا گیا تھا، اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرناچاہیے۔
ایم ڈی واٹربورڈنے مزید کہا کہ لائن ڈالنے کا کام عارضی طور پرروک دیا گیاہے، لائن ڈالنے میں وقت لگتا ہے، یہ ایک دن کا کام نہیں ہے۔