31 جنوری ، 2017
عمیمہ ملک...سندھ اسمبلی کے اراکین نے ایک دوسرے پر تنقید کے لیے اے بی سی کا سہارا لے لیا، خرم شیر زمان نے اے بی سی کی آڑ میں تنقید کی تو قائم مقام اسپیکر نے انہیں ڈی فار ڈفر قراردے دیا۔
سندھ اسمبلی میں الٹی اے بی سی ڈی شروع ہوگئی، تحریک انصاف کے خرم شیرزمان سینئر وزیر نثارکھوڑو کی طرف سے سوال کا جواب نہ دینے پر برہم ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئر وزیر وضاحت سے جواب نہیں دیتے، اگر اپوزیشن اے فار ایپل اور سی فار کا مطلب کرپشن نکالے تو پھر ایوان سرپر اٹھالیا جاتا ہے۔
نثار کھوڑو تو خرم شیر زمان کی اے بی سی کا جواب نہ دے سکے البتہ قائم مقام اسپیکر شہلا رضا نے خرم شیرزمان کو ڈی فار ڈفر کا مطلب سمجھادیا۔
دوسری جانب سینئر وزیر نثارکھوڑو اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے درمیان نوک جھونک کا سلسلہ جاری رہا، خواجہ اظہار نے قائم مقام اسپیکر شہلا رضا پر جانبداری کا الزام بھی عائد کیا۔