31 جنوری ، 2017
امین حفیظ...وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد لاک ڈاؤن کا ناپاک منصوبہ بنایا گیا تھا، سیاسی مخالفین نے 2014ء میں دھرنا دیا، ایک سال پاکستان کوتباہی کی دہانے پرکھڑا کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے1320 میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ کے لیے کراچی سے کوئلہ لے کر پہنچنے والی ٹرین کو ساہیوال میں ویلکم کیا،اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے کنٹرول روم، گیس ٹربائنز اور جنریٹر روم کا بھی دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے اسے ملکی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی،سیاسی مخالفین دراصل پاکستان کی ترقی کے مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر ثابت ہوگا، مشکلات کے باوجود رکاوٹوں کے حل کیلئے کوشاں ہیں، کوشش ہے کہ کول پاور پلانٹ سے رمضان المبارک سےپہلے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے خود قرضے معاف کرائے وہ ہمیں چیلنج کررہے ہیں،الزامات لگانے والوں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے۔
شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو بے دردی سے لوٹا گیا، یہ ہمارے سیاسی مخالفین نہیں پاکستان کی ترقی کے مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں میں پڑے60 ملین ڈالرزپرکوئی بات کیوں نہیں کرتا،ہم نے منصوبے بروقت مکمل کیے، 100 ارب روپے سے زیادہ بچائے،ان منصوبوں کی تکمیل نواز شریف کی قسمت میں لکھی ہے۔