کاروبار
30 جون ، 2012

پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد … اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گھریلو صارفین کیلئے بھی گیس سستی کردی گئی، پیٹرول 5 روپے 2 پیسے، ڈیزل 2 روپے 86 پیسے اور سی این جی 4 روپے فی کلو سی زائد سستی کی گئی ہے۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 84 روپے 49 پیسے ہوگی جبکہ ڈیزل 2 روپے 48 پیسے سستا کرکے 97 روپے 21 پیسے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 83 روپے 71 پیسے فی لیٹر ہوگی، مٹی کا تیل 2 روپے 54 پیسیے سستا کرکے اس کی نئی قیمت 86 روپے 25 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایچ او بی سی 6 روپے 44 پیسے کمی کے بعد عوام کو 106 روپے 88 پیسے فی لیٹر ملے گا۔ اوگرا نے سی این جی کی قیمت بھی کم کردی ہے جس کے مطابق ریجن ون پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سی این جی 4 روپے 59 پیسے سستی ہونے کے بعد 77 روپے 36 پیسے فی کلو ہوگئی جبکہ ریجن ٹو میں سی این جی کی قیمت میں 4 روپے 20 پیسے فی کلو کمی کی گئی ہے جس سے پوٹھوہار کے سوا پنجاب اور سندھ میں نئی قیمت 70 روپے 63 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔ اوگرا نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں 18.7 فیصد سے 51.7 فیصد تک کمی کی ہے۔ 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے گیس 122.95 سے کم کرکے 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمت 200 یونٹ تک کیلئے 245.89 سے کم کر کے 200 روپے کر دی گئی ہے جبکہ 300 یونٹ تک گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت 1035.34 روپے سے کم کرکے 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب اوگرا نے صنعت، پاور سیکٹر، واپڈا، کے ای ایس سی اور تھرمل پاور پلانٹس کیلئے گیس مہنگی جبکہ سی این جی سیکٹر کیلئے گیس کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ جس کے مطابق ان سیکٹرز کو اب گیس 507.86 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 560 روپے میں ملے گی۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق زون ون کیلئے سی این جی 7.7 اور زون ٹو کیلئے 8.3 فیصد سستی کردی گئی ہے۔ اوگرا نے فرٹیلائزر کے شعبے کیلئے گیس کی قیمتوں میں کوئی ردو بدل نہیں کیا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

مزید خبریں :