19 فروری ، 2017
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں نے ڈکیتیوں کے خلاف احتجاج کیا، شہریوں نے الزام لگایا کہ پولیس جرائم پیشہ افراد سے ملی ہوئی ہے۔
ایک جانب سے نعرے اور پتھراؤ، دوسری طرف سے آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھیوں کی برسات، ہوا میںگولیوں کی بوچھاڑ، اورنگی ٹاؤن کراچی میں پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے،علاقہ میدان جنگ بن گیا، روز روز کی چوریوں اور ڈکیتیوں سے تنگ مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس ہماری نہیں سنتی جرائم پیشہ افراد سے ملی ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرے سازش ہیں، احتجاج کرنے والے نہ شکایت درج کراتے ہیں نہ ہی مدعی بنتے ہیں، ہنگامہ آرائی کے الزام میں پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس پر کرمنلز سے گٹھ جوڑ کا الزام لگانے والے مظاہرین نے ٹائروں کو تیلی دکھائی، مرکزی سڑک کو ٹریفک کے لیے نوگو ایریا بنایا،پولیس کے مطابق پہلے مظاہرین کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کی گئی لیکن جب بات نہ بنی اور پتھر برسائے گئے تو جواب آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے دیا گیا،کہیں لاٹھیاں برسیں تو کہیں پتھر بازی سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔
صورتحال بگڑتی دیکھ کر رینجرز کو طلب کیا گیاجس کے بعد مظاہرین سڑکوں سے گھروں کو چلے گئے،بعد میں پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تو ہنگامہ آرائی کے الزام میں پندرہ سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا،جس کے خلاف خواتین کا احتجاج شروع ہوگیا۔
پولیس نے احتجاج کو سازش کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مظاہرہ کرنے والے نہ کسی واردات کی رپورٹ کرتے ہیں نہ ہی مدعی بنتے ہیں، دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ وہ علاقہ مکینوں کی شکایت سننے کے لئے تیار ہیں۔