02 جولائی ، 2012
لاہور…حکومت پنجاب کی جانب سے ملازمت سے برطرف کیے گئے 24 ڈاکٹروں کی فہرست جیو نیوز کو موصول ہوئی ہے۔جیونیوز کے رپورٹر عاصم نصیر کے مطابق حکومت کی جانب سے برطرفی جو نوٹی فیکشن جاری کیا گیا ہے اس میں شامل08 کا تعلق سروسز اسپتال سے ،ایک ایک کا تعلق میو، پی آئی سی اور گنگا رام سے ،جنرل اسپتال کے دو اور جناح اسپتال کے تین اور راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال کے تین ڈاکٹرز شامل ہیں ۔ان ڈاکٹروں کو ہڑتال پر اکسانے کے الزام میں نوکریوں سے نکالا گیا ہے۔ادھر پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء الله نے کہا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹروں سے مزید ہمدردی نہیں کرسکتے،ڈاکٹروں پر لازمی سروس ایکٹ نافذ ہے۔حکومت کی ڈاکٹروں پر کی گئی سرمایہ کاری اس ہڑتال کے باعث ضائع ہوگئی،مریضوں نے بھی ٹیکسوں کے ذریعے ان ڈاکٹروں پر پیسے لگائے تھے۔اب ڈاکٹروں سے یہ رقم وصول کی جائے گی ۔ہڑتالی ڈاکٹروں کی ڈگریاں منسوخ کرکے انھیں جیل بھیجا جائے گا۔انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں ہر قیمت میں کام جاری رکھیں گے۔جو اسپتالوں امن قائم کرنے میں رکاوٹ ڈالے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔