09 مارچ ، 2017
معاشرے میں ’رقص کے ذریعے امن کا پیغام ‘۔۔ یہ خیال اب نیانہیں ہے لیکن اس پیغام کو عام کرنے والے خال خال ہیں ۔تعداد کم ہی صحیح لیکن اس جانب کام زور و شور سے جاری ہے۔ لیاری کے پانچ نوجوان سبائش،فرقان،سمیر،ذہیب خان اوربلال کا شمار انہی لوگوں میں ہوتا ہے ۔
نوجوانوں کے اس گروپ کا نام’وی آر ون ‘ ہے اور ان کا نعرہ ہے ’ہم سب ایک ہیں ‘۔
یہ نوجوان لیاری کے رہائشی ہیں جبکہ اس گروپ کی ایک اور سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ ان نوجوانوں کاتعلق مختلف مذاہب اور ذاتوں سے ہے۔ حتیٰ کہ ان کی مادری زبانیں بھی جدا جدا ہیں لیکن سب کا پیغام ’امن ‘ہے۔
گروپ لیڈر فرقان نے ’جنگ ‘سے خصوصی بات چیت میں بتایا’’ ہمارے لئے سب سے دکھی لمحہ وہ ہوتا ہے جب کوئی کہتا ہے کہ لیاری ’گینگ وار ‘کا گڑھ ہے ، یہاں گینگسٹر بستے ہیں۔جرائم کے حوالے سے لیاری کا نام کوئی لے تو ہمیں افسوس ہوتا ہے ۔ اسی افسوس اور دکھ کو ختم کرنے کے لئے ہم نے ’وی آر ون ‘ کے نا م سے اپنا گروپ تشکیل دیا۔ ‘‘
’جنگ ‘کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’’ہمارا پیغام ہے محبت جہاں تک پہنچے۔۔ ہم لوگوں میں ہر مذہب کیلئے محبت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ جب ہم الگ الگ زبانیں اور عقائد رکھنے والے ایک ہوسکتے ہیں تو پوری قوم کیوں نہیں ہوسکتی؟‘‘
گروپ کے باقی اراکین کا بھی یہی کہنا ہے کہ لیاری میں بہت سا ٹیلنٹ چھپا ہے جسے سامنے لانا ضرور ی ہے ۔ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے انگنت لوگ یہیں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے ہیں۔ہم لیاری کے ٹیلنٹ کو آنے لانے کے مشن پرہیں اور امن کا پیغام عام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ دیر سے ہی صحیح لیکن ایک روز ایسا ہوگا ضرور۔ ‘‘
گروپ امید کرتا ہے کہ ان کے رقص یا ڈانس کے ذریعے لوگ ان کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں گے ۔ امن ، محبت اور کچھ بننے ، اپنا مستقبل بنانے کے لئے ان کے خیالات کو نہ صرف سمجھیں گے بلکہ اس پر عمل پیرا بھی ہوں گے ۔
گروپ کی ایک اور انفرادیت یہ ہے کہ انہوں نے باقاعدہ ایک ڈانس اکیڈمی بھی تشکیل دی ہے ۔ یہاں ڈانس کے ساتھ ساتھ جمناسٹک اور یوگا کی بھی تربیت دی جاتی ہے ۔ اس اکیڈمی کو جوائن کرنے والوں نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، بس ذرا فنڈز کم ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ناصرف ہمیں سپورٹ کرے بلکہ اکیڈمی سے نکلنے والے ٹیلنٹ کو بھی آگے آنے کا موقع فراہم کرے ۔