28 مارچ ، 2017
سندھ بھر میں میٹرک امتحانات شروع ہوگئے ہیں ،کراچی کے امتحانی مراکز پربد انتظامی عروج پر رہی، بجلی اور پانی کی عدم موجودگی نے طلبا کو بے چین کردیا ۔
پہلے مرحلے میں آرٹس گروپ میں 45 ہزار طلباء شریک ہیں ،میٹرک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیااورکہا کہ یقین دہانی کے باجود لوڈشیڈنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔
محکمہ تعلیم اورکے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،آج دوران امتحان طلبا دوہرے امتحان سے دو چار ہوئے کہ پرچہ حل کریں یا گرمی سے نمٹیں۔
گرمی اور حبس سے پریشان طلبا دوران امتحان پسینہ صاف کرتے رہے ،انہوں نے بے انتظامی کی شکایت کی اور کہا کہ ڈھائی گھنٹے کے پیپرکے دوران بجلی کے ساتھ ٹھنڈا پانی بھی موجود نہیں تھا ۔
امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی تاکہ نقل کی روک تھام کی جاسکے، 15 اپریل سے دوسرے مرحلے میں سائنس گروپ کے امتحان لیے جائیں گے ،جس میں 3 لاکھ سے زائد طلباء شریک ہوگے۔