17 اپریل ، 2017
سندھ ، پنجاب کے شہروں میں گرمی کا زورمزید بڑھنے لگا، مختلف شہروں میں درجہ حرارت 48 تک جا پہنچا، گرمی اورحبس سے پیٹ کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔
ملک کےمیدانی علاقوں میں سورج کی تپش کےباعث گرمی عروج پرہے،چبھتی دھوپ اور جھلساتی گرمی نے لوگوں کے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثرکیاہے۔
سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے شہروں میں گرمی اور سخت موسم اور حبس نے بچوں بڑوں میں پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ کردیا ہے۔
مختلف جگہوں پرٹھنڈے مشروبات کی ریڑھیاں بھی سج گئیں، گرمی کی وجہ سے دن کے اوقات میں لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں موسم خوشگوار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی رہنے کا امکان ہے۔