خصوصی رپورٹس
27 جون ، 2017

میٹھی عید کی چٹ پٹی بریانی

میٹھی عید کی چٹ پٹی بریانی

عید کا خاص دن ہو اور دستر خوان پر بریانی نہ ہو تو دستر خوان خالی خالی لگتا ہے ۔ اس لیے عید کے اس خاص موقعے پر ہم آپ کو مزیدار چکن بریانی کی مزیدار ریسیپی بتائیں گے۔

بریانی بنانے کے اجزا:

چکن سوا کلو

چاول ایک کلو

ادرک لہسن پسا ہوا 2 کھانے کے چمچ

نمک حسبِ ذائقہ

پیاز باریک کٹی ہوئی 3 عدد

ٹماٹر باریک کٹے ہوئے 6 عدد

دہی پھینٹا ہوا ایک پیالی

سفید ذیرہ ایک چائے کاچمچ

ہلدی پسی ہوئی ایک چائے کاچمچ

لال مرچ پسی ہوئی 2 کھانے کے چمچ

دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کاچمچ

گرم مصالحہ پسا ہوا ایک کھانے کاچمچ

ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی 6 سے 8 عدد

ہرا دھنیا کٹا ہوا آدھی گٹھی

پودینہ کٹا ہوا آدھی گٹھی

ثابت گرم مصالحہ 2 کھانے کے چمچ

زردے کا رنگ ایک چٹکی

دودھ ایک پیالی

کیوڑہ ایسنس چند قطرے

کوکنگ آئل ایک پیالی

ترکیب:

دیگچی میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر 3 سے 5 منٹ گرم کرکے ثابت گرم مصالحہ ڈال دیں۔ جب تیل گرم ہوجائے تو پیاز ڈال کر سنہرا فرائی کرلیں۔

ادرک، لہسن، ہلدی اور ذیرہ ڈال کر 2 سے 3 منٹ چمچ چلائیں اور پھر ٹماٹر شامل کرکے اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر گل جائیں۔

جب ٹماٹر اچھی طرح گل جائیں اور ایک پیسٹ کی شکل میں آجائیں توچکن، نمک،لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، پسا ہوا گرم مصالحہ، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور پودینہ ڈال دیں۔ پھر دہی ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور درمیانی آنچ پر 12 سے 15 منٹ تک پکائیں۔

چاولوں کو تھوڑے سے گرم مصالحے کے ساتھ ایک کنی )مکمل ابلنے سے تین چار منٹ پہلے( ابال کر چھلنی سے چھان لیں۔

بڑے سائز کی دیگچی میں چکن کو پھیلا کر رکھیں اور اس کے اوپر چاولوں کی تہہ لگا دیں۔ دودھ میں زردے کا رنگ اور کیوڑہ ایسنس ملا کر چاولوں پر چھڑک دیں۔

دیگچی کو ڈھک کر 15 سے 20 منٹ کے لیے گرم توے پر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔

لیجیے اس میٹھی عید پر آپ کے موڈ کو تیکھا کرنے کے لیے مصالحے دار ڈشیں تیار ہیں۔

مزید خبریں :