10 جولائی ، 2017
بالی وڈ کی سری دیوی کی ”موم“ نے بالی وڈ کوجیت لیا، پاکستانی اسٹارسجل علی اور عدنان صدیقی سمیت بالی وڈ کے نواز الدین صدیقی اور اکشے کھنہ کی یہ فلم باکس آفس پر اس ہفتے پیسے کمانے میں نمبر ون رہی اس فلم نے تین دن میں14کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کیا ہے۔
”موم“ بھی”ہندی میڈیم“ کی طرح چھوٹے بجٹ کی بڑی فلم ہے اسی لیے ابھی سے یہ فلم بزنس کے لحاظ سے کامیاب ہوچکی ہے۔اپنے دیس کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے اس فلم نے مزید15کروڑ کمالیے ہیں۔
اس طرح اس فلم کا دنیا بھر میں بزنس پاکستانی روپوں میں45کروڑ ہوچکا ہے۔ پاکستان میں عید کی ریلیز فلموں کی نمائش دو ہفتوں سے جاری ہے۔7کروڑ سے کچھ کم بجٹ کی سوشل کامیڈی”مہرالنساء وی لب یو“ اب تک تقریباََ12کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔
23کروڑ کے بڑے بجٹ کی پاکستان کی مہنگی ترین فلم یلغار اب تک تقریباَ 14 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔عید پر ہی ریلیز ہونے والی ہالی وڈ فلمیں جن میں اینیمیٹڈ”ڈسپکیبل می“سائنس فکشن ”ٹرانسفارمر فائیو“ اور ایڈوینچر سے بھرپور”پائرٹس فائیو“ شامل ہیں، اب تک پاکستان سینما گھروں سے مجموعی طور پرتقریباَ 10کروڑ کماچکی ہیں۔
اب بات ہالی وڈ کی فلموں کی دنیا بھر اور نارتھ امریکن باکس آفس کی ۔ہالی وڈ کے سپر ہیرو ”اسپائیڈر مین“ نے دنیا بھر سے صرف تین دنوں میں27 ارب روپے اپنے جال میں سمیٹ لیے۔
”اسپائیڈر مین ہوم کمنگ“ امریکا سمیت دنیا بھر میں پسند کی گئی ہے۔ابھی اس فلم کی دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ چین میں ریلیز باقی ہے۔
اینیمیٹیڈ ”ڈسپکیبل می“ کا اب تک کا دنیا بھر میں بزنس 30ارب ہوچکا ہے۔ایک اور سپر ہیرو بلکہ سپر ہیروئن کی”ونڈر وومن“ اپنے اکاوٴنٹ میں 80ارب روپے کے قریب ٹرانسفر کرچکی ہے۔