28 اگست ، 2017
اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ملک کے 10 بڑے شہروں کی آبادی کے اعدادو شمار جاری کردیئے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے جمعہ کے روز مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مردم شماری کے عبوری نتائج جاری کیے جس کے مطابق ملک کی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ سے زائد ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے آج ملک کے 10 بڑے شہروں کی آبادی کے اعدادو شمار جاری کیے گئے جس کےمطابق کراچی کی آبادی ایک کروڑ 49 لاکھ 10 ہزار 352 نفوس پر مشتمل ہے اور 19 برس قبل ہونے والی مردم شماری کے لحاظ سے جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ کراچی کی آبادی میں صرف 59 فیصد اضافہ ہوا۔
جب کہ دیگر شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر ہے جس کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ 26 ہزار 285 ہوگئی ہے اور گزشتہ ہونے والی مردم شماری کے مقابلے میں لاہور کی آبادی میں حیرت انگیز طور پر 116 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کی آبادی 32 لاکھ 3 ہزار 846 نفوسل پر مشتمل ہے۔
ملک کے چوتھے بڑے شہر راولپنڈی کی آبادی 20 لاکھ 98 ہزار 231 اور پانچویں بڑے شہر گوجرانوالہ کی آبادی 20 لاکھ 27 ہزار ایک بتائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ چھٹے بڑے شہر پشاور کی آبادی 19 لاکھ 70 ہزار 42، ساتویں شہر ملتان کی آبادی 18 لاکھ 71 ہزار 843، آٹھویں شہر حیدرآباد کی آبادی 17 لاکھ 32 ہزار 693، نویں شہر اسلام آباد کی آبادی 10 لاکھ 14 ہزار825 جب کہ ملک کے دسویں بڑے شہر کوئٹہ کی آبادی 10 لاکھ ایک ہزار 205 افراد پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک کی آبادی میں 1981 کے بعد سے 146 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جب کہ سیاسی جماعتوں نے مردم شماری کے نتائج پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔