Time 14 ستمبر ، 2017
کھیل

قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی داد ملنے پر ہاشم آملہ حیران

لاہور: ایسا بہت کم ہی ہوتا ہے کہ میزبان ٹیم کے تماشائی مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کا نام پکارے اور ان کو اپنی ہی ٹیم کے خلاف داد دیں۔ لیکن قذافی اسٹیڈیم میں ورلڈ الیون کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں تماشائیوں نے ایسا ہی کیا اور یہ رن مشین ہاشم آملہ کے لیے بھی ایک حیران کن بات تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا: ’میں نے ایسا تجربہ پہلے کبھی نہیں کیا۔ میرے خیال میں میچ کے کسی نہ کسی حصے میں تماشائیوں کی جانب سے کھلاڑیوں کا نام پکارا گیا جو کہ ایک حیران کن بات تھی۔ شائقین کی سپورٹ زبردست رہی ہے۔‘

آملہ ان کرکٹرز میں شامل ہیں جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں۔ جنوبی افریقی کھلاڑی نے پاکستان کے خلاف شاندار اننگز کھیلی اور میچ کو پاکستان کی گرفت سے دور کردیا تاہم اس کے باوجود قذافی اسٹیڈیم کے تماشائی انہیں سپورٹ کرتے رہے۔

اپنی اننگز کے دوران آملہ نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 72 رنز بناکر ورلڈ الیون کی پاکستان کے خلاف سات وکٹوں سے فتح کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر ان کا تجربہ بہترین رہا ہے اور وہ یہ بات تمام ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی طرف سے کررہے ہیں۔

سابق جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ عوام کی جانب سے مہمان نوازی بہترین رہی ہے اور وہ پاکستان کے دورے پر آنے کے اپنے فیصلے پر خوش ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنے بورڈ کے ساتھ دورہ پاکستان کے حوالے سے تجربہ شیئر کریں گے تاہم قومی ٹیم کا دورہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بورڈ کے ہاتھ میں ہے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔ سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔

مزید خبریں :