پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2017

نواز شریف آج وطن واپس پہنچ کر کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے

سابق وزیراعظم نواز شریف آج لندن سے وطن واپس پہنچیں گے اور کل احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سامنے آنے والی تمام افواہیں دم توڑ گئیں اور اب مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج رات لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت کے روبرو بھی پیش ہوں گے جہاں ان پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ 

نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لئے لندن میں موجود ہیں اور اس سے قبل بھی وہ احتساب عدالت میں پیشی کے لئے لندن سے وطن واپس پہنچے تھے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر پر فرد جرم کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی جب کہ عدالت نے حسن اور حسین نواز کا مقدمہ الگ کردیا۔

 کیس کا پس منظر

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے 2 مرتبہ 26 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

مزید خبریں :