02 نومبر ، 2017
پاکستان کے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد قومی ٹیم پہلی بار سرفراز احمد کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی۔
بدھ (یکم نومبر) کو بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان سے 3 درجے تنزلی پر آکر 124 پر پہنچ گئی۔
سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد پاکستان نے 124 پوائنٹس حاصل کرلیے تھے، دوسری جانب بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل نیوزی لینڈ کے 125 پوائنٹس تھے اور اسے عالمی نمبر ون کی پوزیشن پر براجمان رہنے کے لیے بھارت کو ہرانا ضروری تھا لیکن پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد کیویز ٹیم 121 پوائنٹس پر آگئی۔
پاکستانی شائقین کرکٹ اب اس سیریز میں بھارت کی فتح کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن پر مہر ثبت ہوسکے کیونکہ اگر نیوزی لینڈ نے سیریز کا کوئی ایک بھی میچ جیت لیا تو وہ دوبارہ سے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر آسکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آئی ہے۔
سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے 14 میں سے 12 میچز اپنے نام کیے ہیں جس کی وجہ سے آئی سی سی رینکنگ میں گرین شرٹس کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے۔