دنیا
Time 20 نومبر ، 2017

امریکا نے شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست قرار دیتے ہوئے اس فہرست میں شامل کردیا جس سے 9 سال قبل اسے ہٹایا گیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ اس فیصلے کے بعد شمالی کوریا پر بڑے پیمانے پر پابندیاں عائد کی جائیں گی جس کا اعلان منگل کو ہو گا۔

امریکی صدر نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بین الاقوامی دہشت گرد عمل قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست قرار دینے کا فیصلہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ شمالی کوریا نے بارہا بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کی حمایت کی، پیانگ یانگ کو فوری طور پر اپنے جوہری پروگرام کو بند کرنا چاہیے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن سلامتی کونسل کی پابندیوں کے باوجود جوہری پروگرام اور میزائل تجربات کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

کم جانگ اُن واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ پورا امریکا شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کی پہنچ میں ہے۔

گزشتہ ماہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری حملے کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ایچ آر میک ماسٹر نے شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاستوں میں شامل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

مزید خبریں :