پی ٹی آئی ایم پی اے وجیہ الزمان اور سابق ایم این اے احمد مانیکا نے پارٹی چھوڑ دی


تحریک انصاف کے ایم پی اے وجیہ الزماں خان نے (ق) لیگ میں شمولیت اختیار کرلی جب کہ سابق ایم این اے احمد رضا مانیکا نے بھی پارٹی کو خیر آباد کہہ دیا۔

مانسہرہ سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما وجیہ الزمان خان نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں وجیہ الزمان خان نے (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وجیہ الزمان خان نے کہا کہ میں نے کبھی اصولوں  پر سودے بازی نہیں کی، ڈیڑھ سال پہلےمسلم لیگ (ن) چھوڑی، پارٹی رہنمابات نہیں مانتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک کارکن بھی پی ٹی آئی کے نظریئے پر نہیں چل رہا اور آج عامر لیاقت جیسے لوگ پی ٹی آئی میں آ رہے ہیں۔

احمد رضا مانیکا نے بھی پارٹی چھوڑ دی

احمد رضا مانیکا: اسکرین گریب جیونیوز

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی احمد رضا مانیکا نے بھی تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی پاکپتن کے ضلعی صدر احمد رضا مانیکا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان  جتنی بار پاکپتن تشریف لائے ، کسی عہدیدار کو ملے بغیر واپس چلے گئے  ، لیڈر شپ کو اپنی ٹیم کا پتہ ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی سطح پر 8 سے 10 چیرمین ان کے ساتھ ہیں، جلد کسی جماعت میں شمولیت کافیصلہ کروں گا اور الیکشن بھی لازمی لڑوں گا۔

احمد رضا مانیکا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیر اور مرید کا احترام قائم رہنا چاہیے تھا، عمران خان کے فیصلے سے پاک پتن والے ناخوش ہوئے، لوگ ان آستانوں پر عقیدت کے لیے آتے ہیں، خان صاحب جتنی بار پاکپتن آئے، کسی عہدیدار سے نہ ملے، لیڈر شپ کو اپنی ٹیم کا پتا ہی نہیں تھا۔

مزید خبریں :