تحریک انصاف کے 4 ایم پی ایز کی عمران خان کو وارننگ


پاکستان تحریک انصاف کے 4 ایم پی ایز نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے پارٹی معاملات کو سنجیدہ نہ لیا تو پی ٹی آئی صرف کہانیوں میں رہ جائے گی۔

نوشہرہ میں تحریک انصاف کے اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی کا ایم پی اے قربان علی خان کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹ الیکشن اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے قربان علی خان، زاہد درانی، عبید مایار اور خاتون ایم پی اے نگینہ شامل تھیں۔

تحریک انصاف کے ایم پی اے قربان علی خان کا اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختو نخوا کے عوام کو پی ٹی آئی سے بہت امیدیں تھیں لیکن سینیٹ الیکشن کی ٹکٹیں دیتے ہوئے پارٹی کی پالیسوں کو نظر انداز کیا گیا۔

قربان علی خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کالی بھیڑیں بن کر ہماری صفوں میں گھس گئے ہیں، عمران خان اُن پر اعتبار کرتے ہیں جو بچھو کی طرح ڈنگ مارتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب سے گلہ نہیں کیونکہ ان سے جو کہا وہ انہوں نے سنا، پتہ نہیں وہ کون سے لوگ ہیں جو عمران خان کےکان بھرتے ہیں۔

قربان علی خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور عمران اسماعیل نے بتایا تھا کہ نوکریاں بک رہی ہیں، پولیس میں 4, 4 لاکھ روپے کے عوض نوکریاں بکیں اور میرے پاس اس کے ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا کہ جن وعدوں پر ووٹ ملا ہم وہ پورے نہیں کر سکے، الیکشن تو ہم جیت گئے لیکن ہم نے اپنا نظریہ کھو دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر خان صاحب نے معاملات کو سنجیدہ نہ لیا تو پی ٹی آئی صرف کہانیوں میں رہ جائے گی۔

پی ٹی آئی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ 20 سال کی خدمات کا صلہ ہم پر پیسے لینے کا الزام لگا کر دیا گیا، کسی چینل میں ہمت ہے تو رشوت کے ثبوت چلا لے۔

زاہد درانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو فیملی پارٹی کس نے بنایا؟ یہ پارٹی مزید فرینڈز اینڈ فیملی پارٹی بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر پیسے لینے کا الزام لگایا گیا لیکن کیا جن لوگوں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیئے گئے ان سے پوچھا گیا؟ خان صاحب پتا کریں کہ کس نے پارٹی کو بدنام کیا ہے۔

زاہد درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان ہم سے پوچھیں ہم جواب دہ ہیں لیکن 20 سال کی رفاقت کا صلہ اس طرح نہ دیں۔

عبید مایار نے کہا کہ مجھے فدا محمد خان نے دھمکی دی تھی، سنگین الزامات والے لوگوں کو پارٹی میں شامل کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :