پاکستان
23 جولائی ، 2012

دورہ برطانیہ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،گورنر سندھ

دورہ برطانیہ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،گورنر سندھ

کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری سے کتراتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دورہ برطانیہ کے مثبت نتائج آئیں گے اور پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔ دورہ برطانیہ میں مفاہمت کی چار یاد داشتوں کے نتیجہ میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے سندھ کی ترقی میں اضافہ ہوگا، انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں دورہ برطانیہ سے متعلق میڈیا کو بریفنگ کے دوران کہی۔ اس موقع پر سندھ کے وزراء پیر مظہر الحق، رضا ہارون ، ڈاکٹر صغیر احمد ، عادل صدیقی سمیت کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دورہ برطانیہ میں لندن، اسکاٹ لینڈ، گلاسکو اور برطانیہ میں مختلف وفود سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں معاشی اور ثقافتی روابط کو آگے بڑھانے سمیت تعلیم، توانائی، سالڈ ویسٹ اور ڈی سیلینیشن کے شعبوں میں یاداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں دورہ برطانیہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے دورہ برطانیہ میں تعاون پر پاکستان میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر اور سعیدہ وارثی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :