Time 07 مئی ، 2018
پاکستان

مجھے جیل بھیجنے کی سرتوڑ کوشش ہورہی ہے، نواز شریف


جہلم: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کو بلندیوں کی طرف لے کر جاتا ہے، دن رات محنت کرتا ہے، اندھیرے ختم کرکے لوڈشیڈنگ ختم کرتا ہے لیکن اسے دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال کر پھینک دیا جاتا ہے۔

جہلم میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج نیب کورٹ میں میری 62 ویں پیشی تھی، میں پیشی کے بعد آپ کے پاس آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سرتوڑ کوشش کی جارہی ہے کہ نواز شریف کو جیل بھیج کر قید کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خلوص نیت سےخدمت کرنے والا وزیراعظم کبھی ٹہر نہیں سکا، لوٹ مار کرنے والے آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے اگلے 70 سال گزشتہ 70 سالوں سے بہتر ہوں گے، آیندہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ووٹ کی بےحرمتی کرے۔

انہوں نے کہا کہ سراج الحق نے وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک سے پوچھا کہ سنجرانی کو ووٹ کیوں دینا ہے؟ انہوں نے کہا ووٹ دینا ہے اوپر سے حکم آیا ہے، وزیراعلیٰ کے پی نے وضاحت کی اوپر سے مراد بنی گالا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان صاحب ہمارا مقابلہ تمہارے ساتھ نہیں، کبھی گیدڑ بھی شیر کا مقابلہ کرتے ہیں؟ یہ تو الزام لگاکر بھاگنے والے لوگ ہیں، عمران خان تم کیا نواز شریف کے شیروں کا مقابلہ کرو گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ زرداری سے ہاتھ بھی نہیں ملا سکتا، آپ ہاتھ ہی نہیں آپ تو دل بھی ملارہے ہیں، عمران خان بہت بے اصول آدمی نکلے۔

نواز شریف نے کہا کہ طاہر القادری کے جلسے میں عمران بھی آئے اور زرداری بھی، اس کے باوجود ناکام ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کا حال بھی وہی ہے جو آج کراچی کا ہے، کراچی میں برا حال ہے سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، خیبرپختونخوا میں پرانا کے پی کے ہی نظر آیا،سڑکیں ٹوٹی پھوٹی، اسکول تباہ حال ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ مجھ پر کسی کرپشن اور لوٹ مار کا الزام نہیں، میرا قصور یہ ہے کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن، انتخاب نہیں ریفرنڈم ہوگا، ہمیں پاکستان کو تبدیل کرنا ہے قائداعظم والا پاکستان بنانا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان میٹرو کو جنگلا بس کہتے تھے، اب پشاور میں جنگلا بس بنارہے ہیں جو ان سے بن نہیں پارہی بلکہ کرپشن کا انبار لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان والوں آؤ دیکھو لاہور اور پنجاب کو تمہاری آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے محنت کی ہے۔

مزید خبریں :