Time 17 مئی ، 2018
رمضان المبارک

دبئی میں گولے داغ کر وقتِ افطار کے اعلان کی روایت برقرار

دبئی میں گولے داغ کر افطار کےاعلان کی روایت برقرار—.گلف نیوز/ فوٹو

دبئی میں توپ کے گولے داغ کر افطارکے وقت کا اعلان کرنے کی روایت اب بھی برقرار ہے۔

دنیا بھر میں رمضان کی رونقیں جاری ہیں اور اس رحمتوں ، برکتوں اور فضیلت والے مہینے میں سحر و افطار کے وقت کا اعلان ہر ملک میں منفرد انداز میں کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں سحر اور افطار کے وقت کا اعلان سائرن بجا کر کیا جاتا ہے، اسی طرح دبئی میں بھی ہزاروں سال پرانی توپ کے گولے داغ کر افطار کے وقت کا اعلان کرنے کی روایت آج بھی برقرار ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے موقع پر دبئی کے 6 مختلف مقامات پر توپیں رکھ دی گئی ہیں جن کے ذریعے پورے رمضان اذانِ مغرب کے وقت گولے داغ کر افطار کے وقت کا اعلان کیا جائےگا جب کہ گزشتہ رمضان دبئی میں 5 مختلف مقامات پر توپیں رکھی گئی تھیں۔

دبئی پولیس کے اسسٹنٹ چیف کمانڈر میجر جنرل سعید المیری نے اس رمضان بھی توپ کے گولے داغ کر افطارکے وقت کے اعلان کا بتایا۔

ماہِ صیام کے دوران افطار کے وقت شہر توپوں کی آواز سے گونجُ اُٹھتا ہے اور روزہ دار روزہ کھولتے ہیں جب کہ یہ منظر دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد ان مقامات کا رُخ کرتی ہے۔