صرف علی ظفر نے مجھے ہراساں کیا، میشا شفیع کا ایک بار پھر الزام

گزشتہ ماہ میشا شفیع نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں علی ظفر پر جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا جس کی گلوکار نے تردید کردی تھی—۔ فائل فوٹو

گلوکارہ، ماڈل اور اداکارہ میشا شفیع نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ انہیں صرف گلوگار علی ظفر نے ہراساں کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا جس کی گلوکار نے تردید کردی تھی۔

بعدازاں علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں 14 دن کے اندر معافی مانگنے اور دوسری صورت میں 100 کروڑ (ایک ارب) روپے تک ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

تاہم میشا شفیع کی جانب سے دیئے گئے قانونی نوٹس کے جواب میں کہا گیا کہ علی ظفر پر لگائے گئے تمام الزامات درست اور حقائق پر مبنی ہیں اور وہ کسی صورت یہ الزامات واپس نہیں لیں گی۔

ایک طرف تو یہ معاملہ عدالت میں چل رہا ہے، دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی اس پر کافی عرصے سے بحث جاری ہے اور لوگوں کی جانب سے تنقید و حمایت سامنے آرہی ہے۔

حال ہی میں ایک خاتون نے ٹوئٹر پر اپنے طنزیہ پیغام میں گلوکارہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'میشا شفیع کے پورے کیریئر میں انہیں بس علی ظفر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، باقی سب لڑکے تو انہیں باجی بہن کہہ کر دور دور سے سلام لیتے ہیں، نہ ذاتی میسجز کرتے ہیں بلکہ نظریں جھکا کر چلتے ہیں۔'

مذکورہ خاتون نے میشا شفیع پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیا صرف علی ظفر ہی ایسے تھے، ان کے ساتھ کام کرنے والے باقی مرد دودھ کے دھلے ہیں؟ ساتھ ہی انہوں نے گلوگارہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر آپ ایک سچی خاتون ہیں تو باقی سب کا بھی نام لیں۔'

میشا شفیع نے مذکورہ خاتون کی جانب سے خود پر تنقیداور تمسخر اڑائے جانے کے جواب میں کہا کہ 'ہاں صرف علی ظفر نے مجھے ہراساں کیا، لیکن اُس نے صرف مجھے ہی ہراساں نہیں کیا'۔

انہوں نے سوال کیا کہ 'کیا مزید 6 خواتین کا بھی علی ظفر کے خلاف سامنےآنا کافی نہیں؟'

ساتھ ہی میشا شفیع نے شکوہ کیا کہ 'آخر کتنی خواتین سامنے آکر حقیقت بتائیں؟مجھے تعداد بتائیں'۔

اسکرین شاٹ—۔

واضح رہے کہ 19 اپریل کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اب بولنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کا ضمیر مزید خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔

میشا کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کچھ اُن جیسی ایک معروف آرٹسٹ کے ساتھ ہوسکتا ہے تو پھر کسی بھی نوجوان لڑکی کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے۔

 دوسری جانب علی ظفر نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا اور ان کی جانب میشا شفیع کو قانونی نوٹس بھیجا جاچکا ہے، جس کا گلوکارہ نے جواب بھی دے دیا ہے۔


مزید خبریں :