کراچی میں افطار کے لیے بہترین فوڈ اسٹریٹس

فائل فوٹو—.

ماہ صیام کے پہلے عشرے کے بعد جہاں مارکیٹوں کی رونق بڑھ جاتی ہے وہیں افطار کی رونقیں زیادہ تر باہر سجنے لگتی ہیں، ایسے میں کوئی دوستوں کے ساتھ روزہ افطاری کی تیاری کرتا ہے تو کوئی اہل خانہ کے ساتھ باہر افطار کرتا ہے اور پھر یہی رونقیں رمضان کے اختتام تک جاری رہتی ہیں۔

چونکہ آج دوسرے عشرے کا آغاز ہو گیا ہے اور پھر چھٹی کا دن اتوار بھی ہے تو یقینناً آپ میں سے کوئی نہ کوئی ضرور افطار باہر کرنے کا سوچ رہا ہوگا تو آئیے اس کے لیے کراچی کی مشہور فوڈ اسٹریٹس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

بوٹ بیسن:

کراچی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ بوٹ بیسن پر تو عام دنوں میں ہی لوگوں کا رش ہوتا ہے اور رمضان میں اس میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے، ایسے میں یہاں کہ تمام ریسٹورینٹ افطار کے لیے خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ یہاں بار بی کیو سے لے کر مزیدار تمام کھانوں کے ہوٹلز دستیاب ہیں اور  یہاں کے مشہور ریسٹورنٹس میں ’ڈیرہ‘، ’بیٹھک‘ اور ’نہاری ان‘شامل ہیں۔

بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ—.فائل فوٹو

زمزمہ:

افطار کے لیے ایک بہترین آپشن زمزمہ فوڈ اسٹریٹ بھی ہے جہاں روایتی کھانوں کے ریسٹورنٹس کے علاوہ تھائی، چائنیز اور دیگر ورائٹی دستیاب ہے۔ یہاں کے کچھ ریسٹورینٹس میں افطار کے لیے خصوصی بوفے اور فوڈ ڈیلز کا اہتمام کیا جاتا ہے جو 1000 سے 1500 کے درمیان ہیں تاہم ان میں شاندار افطار کی جا سکتی ہے۔

سندھی مسلم سوسائٹی:

مشہور سندھی مسلم سوسائٹی فوڈ اسٹریٹ طارق روڈ سے آگے اللہ والی چورنگی کے قریب واقع ہے جہاں برگر سے لے کر کڑاہی، تھائی سے لے کر اٹالین اور دیسی و بدیسی تمام کھانوں کا مزہ ملتا ہے۔ یہاں 500 سے لے کر اچھے سے اچھے بجٹ میں شاندار افطاری کی جاسکتی ہے۔

اگر آپ کا باربی کیو کھانے کا دل کر رہا ہے تو آپ یہاں بار بی کیو ٹونائٹ ریسٹورینٹ کے ساتھ رائل ہوٹل کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں، چائینیز کا دل چاہ رہا ہے تو ’جن سوائے‘ کو ترجیح دی جاسکتی ہے یا اگر تھائی یا کچھ مختلف کھانے کے آپ شوقین ہیں تو ’فیگارو گرل‘ ’برسٹو‘، ’کیلیفورنیا پیزا‘ یا دیگر کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

سندھی مسلم سوسائٹی—. فائل فوٹو

برنس روڈ:

برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کراچی کی سب سے مشہور اور پرانی فوڈ اسٹریٹ ہے جہاں رات گئے بھی روشنیوں کی جگمگاہٹ بکھری رہتی ہے، ماہ رمضان میں بھی اس کی رونقیں پورے سال کی طرح جاری رہتی ہیں۔

 افطار میں یہاں کے چٹ پٹے منفرد پکوڑے، سموسے، گرما گرم جلیبیاں، دہی بھلے اور چاٹ کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے اور اگر افطار کے بعد مشہور فوڈ سینٹر کی بریانی کھالی جائے تو پھر کیا ہی بات ہے۔ 

  
برنس روڈ—. فائل فوٹو