اب سودا سلف خودکار گاڑیوں کے ذریعے بھی منگوانا ممکن

سودا سلف گھر پہنچانے والی ڈرائیور لیس روبوٹک گاڑی—.فوٹو بشکریہ/دی ورج

تقریباً سب ہی کو سبزی، دودھ، دہی اور دیگر اشیائے ضروریہ لانے کے لیے گھر سے باہر جانے کی زحمت اٹھانی پڑتی ہے، لیکن ٹیکنالوجی کی مدد سے جلد ہی خودکار روبوٹک گاڑی متعارف ہونے والی ہے جو اس زحمت سے چھٹکارا دے سکتی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی بڑی سپر مارکیٹ چین 'کروگر'، ڈرائیور لیس گاڑیاں اور روبوٹ بنانے والی کمپنی ’نورو‘ کے ساتھ ایک ایسی گاڑی بنانے جا رہی ہے جو سودا سلف گھر تک پہنچائے گی۔

اس گاڑی کی تیاری میں روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جو بغیر ڈرائیور کام کرے گی اور گھر تک ڈیلیوری سروس فراہم کرے گی۔

صارفین اس گاڑی کو نورو ایپ کے تحت استعمال کرسکیں گے یا پھر کروگو کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم کے ذریعے یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔

اس ڈرائیور لیس ڈلیوری گاڑی میں ایک اور بڑی زبردست سہولت موجود ہے یعنی اگر صارف کوئی چیز منگوانا بھول گیا ہو تو وہ گاڑی کے اسٹور سے بھی اسے خرید سکے گا۔

ڈرائیورلیس گاڑی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے مطلوبہ پتے پر پہنچ جائے گی۔—. فوٹو بشکریہ/دی ورج

کروگر سپر مارکیٹ اس سروس کو امریکا کے 28 سو اسٹورز میں دستیاب کرے گا یعنی کوشش کی جا رہی ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ سے زیادہ آسائشیں فراہم کی جا سکیں۔

سپر مارکیٹ اس گاڑی میں صرف سامان رکھے گی اور یہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے مطلوبہ پتے پر پہنچ جائے گی۔

منزل پر پہنچنے کے بعد یہ گاڑی موبائل نمبر پر ایک میسج بھیج دے گی تاکہ صارف اپنا سامان موصول کرلے۔   

مزید خبریں :