27 جولائی ، 2012
لاہور … اے جی آفس کی یونین نے دفاتر کی 77 روزہ تالہ بندی کے بعد اپنی ہڑتال جزوی طورپر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یونین کے جنرل سیکریٹر ی کا کہنا ہے کہ ہڑتال سرکاری ملازمین کے مفاد میں ختم کی گئی ہے، ملازمین کو 5 اگست سے تنخواہ ملنا شروع ہو جائے گی۔ اے جی آفس یونین کے سیکریٹری ظفر اقبال نے جیونیوز کے نمائندے امین حفیظ کو بتایا کہ انہوں نے رمضان المبارک کے تقدس اور ملازمین کے مفاد میں صرف سیلری سیکشن کو کام کی اجازت دی ہے، سرکاری ملازمین کواب 5 اگست تک تنخواہ ملنا شروع ہو جائے گی۔ تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد تالہ بندی دوبارہ شروع کردی جائے گی جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔