04 فروری ، 2012
لاہور … پنجاب میں دواوٴں کے ری ایکشن نے آج مزید 3 افراد کی جان لے لی جبکہ متاثرہ مریضوں کو فولینک ایسڈ کے انجکشن دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر سروسز اسپتال کے ایم ایس کے عہدے سے ہٹائے گئے ڈاکٹر محمد جاوید کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ایم ایس مقرر کر دیا گیا ہے۔ دواوٴں کے ری ایکشن سے آج تینوں اموات سروسز اسپتال لاہور میں ہوئیں، جاں بحق ہونے والوں میں قصور کا 55 سالہ غلام علی، رنگ محل کی 60 سالہ شاہدہ اور مزنگ کا پرویز اختر شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فولینک ایسڈ کے استعمال سے مریضوں کی جلد صحت یابی کی امید ہے۔ دوسری جانب تحقیقاتی ٹیمیں ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں چلاسکیں کہ آئسو ٹیب کا مضر صحت 93 نمبر بیچ کا ریکارڈ کہاں گیا۔ آیا یہ دوائیں جان بوجھ کر پی آئی سی کو دی گئیں یا اس بیچ کا ریکارڈ پی آئی سی سے غائب کرا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیمیں مختلف پہلووٴں سے اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہیں۔