Time 13 اگست ، 2018
پاکستان

اپوزیشن وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں پر متفق نہ ہوسکی

جو نام سامنے آئے ان پر ہمیں اپنی پارٹی میں بھی اتفاق کرنا ہے، شیری رحمان—فائل فوٹو۔

اسلام آباد: وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں امیدواروں کا معاملہ پر اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتیں ابھی تک متفق نہ ہوسکیں۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کے وزیراعظم کے امیدوار پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے تحفظات ہیں جن کے حوالے سے ن لیگ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پی پی پی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ جو نام سامنے آئے ان پر ہمیں اپنی پارٹی میں بھی اتفاق کرنا ہے۔

شیری رحمان نے ن لیگ کا نام لیے بغیر کہا کہ تحفظات سے انہیں آگاہ کردیا ہے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ عجیب بات ہے کہا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیں اسپیکر کا امیدوار واپس لینے کا کہا، یہ کہنا مذاق ہے، ہم قطعاً ایسا نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکرشپ کے لیے ہمارا موثر امیدوار ہے، انہیں ہمارے امیدوار کوتسلیم کرنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے اسپیکر کے امیدوار کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کا ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار مسلم لیگ نواز، اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متحدہ مجلس عمل سے لانے کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لیے ن لیگ کے شہباز شریف، اسپیکر کے لیے پی پی پی کے خورشید شاہ جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ڈاکٹر اسد فضل کا نام سامنے آیا تھا۔

30 جولائی کو مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے درمیان قومی اسمبلی میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔

مزید خبریں :