Time 12 ستمبر ، 2018
کھیل

بھارت کو اوول ٹیسٹ میں بھی شکست، سیریز انگلینڈ کے نام


لندن: انگلینڈ نے بھارت کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں 118 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی۔

لندن کے دی اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اچھے آغاز کے باوجود انگلینڈ کا مڈل آرڈر بھارتی گیند بازوں کے آگے لڑ کھڑا گیا اور ایک موقع پر اس کے سات کھلاڑی 181 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر جوس بٹلر نے پہلے عادل رشید اور پھر اسٹورٹ براڈ کے ساتھ شراکتیں قائم کرکے اپنی ٹیم کو تباہی سے بچالیا اور انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جوس بٹلر 89 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ایلسٹر کک نے 71 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا نے چار جبکہ جسپریت بمرا اور ایشانت شرما نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارت کی بیٹنگ ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی تاہم جدیجا کی شاندار بیٹنگ نے انڈیا کو 292 رنز تک پہنچادیا یوں انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 40 رنز کی سبقت ملی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، بین اسٹوکس اور معین علی نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ سیم کرن، اسٹورٹ براڈ اور عادل رشید نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا، اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے ایلسٹر کک نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 147 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان جو روٹ نے بھی 125 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ہوناما ویہاڑی اور جدیجا نے تین، تین جبکہ محمد شامی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یوں بھارت کو 464 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا، صرف دو رنز پر کپتان ویرات کوہلی سمیت اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

اس موقع پر کے ایل راہول اور اجنکیا راہانے کے درمیان 100 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ نے بھارت کی پوزیشن کچھ بہتر کی۔

رہانے اور ویہاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کی پوزیشن ایک مرتبہ پھر خراب ہوگئی اور 121 رنز پر اس کی نصف ٹیم آؤٹ ہوچکی تھی۔

ایسے میں راہول اور ریشب پینٹ کے درمیان 204 رنز کی شراکت نے بھارت کی میچ جیتنے کی امیدیں ایک مرتبہ پھر جگادیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔

تاہم دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کے آنے والے بلے باز انگلینڈ کے بولرز کا مقابلہ نہ کرپائے اور یوں بھارت کو میچ میں 118 رنز سے شکست ہوئی۔

جیمز اینڈرسن تین جبکہ سیم کرن اور عادل رشید نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔

شاندار اننگز کھیلنے والے ایلسٹر کک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :