Time 25 ستمبر ، 2018
پاکستان

اسلام آباد میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی: جرمن سفیر کی ٹوئٹ پر 2 اہلکار معطل


جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سوشل میڈیا پر اسلام آباد میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی کی جس پر سی ڈی اے نے 2 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

پاکستان میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور وہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوششوں کے ساتھ ساتھ گاہے بگاہے سماجی مسائل کی نشاندہی کرتے رہتے ہیں۔

مارٹن کوبلر پاکستان کے شمالی علاقوں کی خوبصورت کے سحر میں بھی مبتلا ہیں جب کہ وہ ہمیشہ مختلف شہروں میں اپنی مصروفیات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔

جرمن سفیر نے آج اسلام آباد کے ایک سیکٹر کی ایک تصویر شیئر کی اور دارلحکومت کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ وہاں پڑے کچرے کی نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں اسلام آباد کے علاقے ایف سیون فور کی گلی نمبر 56 میں پڑے کوڑے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسلام آباد میں جہاں خوبصورت جگہیں ہیں وہیں ہر جگہ کوڑےکے ڈھیر بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ٹھوس کوڑا اس طرح سے ہر جگہ نہیں پھینکا جاسکتا، یہ ڈینگی اور دیگر مضرِ صحت اثرات کا سبب بنتا ہے، کیا کیا جاسکتا ہے؟'

جرمن سفیر کی نشاندہی کے بعد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بھی حرکت میں آگئی اور ڈائریکٹر سینی ٹیشن سردار خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے  سپروائزر اور انسپکٹر کو معطل کر دیا۔

مزید خبریں :